غزہ (ڈیلی اردو) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے فضائی اور زمینی حملے وقفے وقفےسے جاری ہیں۔ گذشتہ روز صہیونی فوج نے توپ خانے سے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر مزاحمت کاروں کی رصد گاہوں پر گولہ باری اور فضائی بمباری کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج نے پیر کے روز غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں رفح کے قریب دو مزاحمتی رصدگاہوں پر گولہ باری کی تاہم اس گولہ باری میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج کے ٹینکوں نے مشرقی خزاعہ اور مشرقی رفح میں کرم ابو معمر کے مقام پر گولہ باری کی۔
اس رصدگاہ پر اسرائیلی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں فلسطینی مزاحمتی تنصیبات کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
قبل ازیں جمعہ کی شام اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی سے سرحد کی دوسری طرف یہودی کالونیوں پر ایک میزائل داغنے کا دعویٰکیا تھا۔