اسلام آباد + پشاور + کراچی + لاہور (ڈیلی اردو) ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
مختلف شہروں میں موبائل سروس بند
ملک بھر میں 9 محرم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، اسی سلسلے میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں جلوس کے راستوں کے قریب موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے۔
کراچی میں مرکزی جلوس سمیت مختلف علاقوں سے نکلنے والے جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کے قریبی علاقوں میں موبائل سروس بند ہے۔
9 محرم الحرام کے جلوس کے موقع پر اسلام آباد کے سیکٹر جی 6، ایف 10 میں مکمل، جبکہ سیکٹر جی 7 کے کچھ علاقوں میں موبائل فون سروس جلوس کے اختتام تک جزوی بند رہے گی۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق موبائل فون سروس جلوس کے اختتام تک بند رہے گی۔ملتان میں 9 محرم کے جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔
نویں محرم کے موقع پر کوئٹہ میں بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے۔
ہنگو شہر اور گرد و نواح میں بھی موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر 1 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پزیر ہوگا۔ کراچی میں ایم اے جناح روڈ سمیت جلوس کی گزر گاہوں سے برساتی پانی نکال دیا گیا ہے تاہم بولٹن مارکیٹ، کھارادر اور اولڈ کراچی کے مختلف علاقوں میں کیچڑ موجود ہے۔ جلوس سے قبل نویں محرم الحرام کی مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی فضائل اور مصائب اہلِبیت بیان کئے۔
مجلس ختم ہونے کے بعد نشتر پارک سے مرکزی جلوس برآمد ہو گا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پزیر ہو گا۔ جلوس کے شرکاء ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نمازِ ظہرین ادا کریں گے۔مرکزی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا ہے۔ جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ سیکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق کراچی میں جلوس کی نگرانی اور سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 6 ہزار 368 اہلکار تعینات ہیں، جبکہ خواتین اہلکار بھی تعینات ہیں۔مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر عمارتوں پر شارپ شوٹرز اسنائپرز بھی تعینات ہیں۔
9 محرم کا لاہور میں جلوس
لاہور میں 9 محرم الحرام کا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ سے نکلے گا، یہ جلوس رات گئے اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
اسلام آباد میں جلوسِ 9 محرم الحرام
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ اثناء عشری G-6/2 سے برآمد ہو گا، جلوس اپنے مقررہ کردہ راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی جامع مسجد و امام بارگاہ میں ہی اختتام پذیر ہو گا۔ 9 محرم الحرام کے جلوس کے موقع پر اسلام آباد میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل کی گئی ہے۔
کوئٹہ میں 9 محرم کا جلوس
کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کا جلوس دوپہر ڈیڑھ بجے امام بارگاہ ناصرالعزاء سے برآمد ہو گا، ماتمی جلوس مختلف سڑکوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ ناصر العزاء پہنچ کر ختم ہو گا۔
نویں محرم کے موقع پر کوئٹہ میں جلوس کے مقامات پر سیکیورٹی کے لیے موبائل فون سروس معطل ہے۔
روہڑی میں 9 محرم کا قدیم جلوس برآمد
روہڑی میں 9 محرم الحرام کا قدیم جلوس برآمد ہو گیا ہے، جلوس جگہ جگہ ٹھہرنے کے بعد 10 محرم کی شام کو اختتام پذیر ہو گا۔ روہڑی میں 500 سالہ قدیمی نو ڈھالہ تعزیے کا جلوس امام بارگاہ شاہِ عراق سے برآمد ہو کر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین اور عزادارانِ حسینؑ شرکت کر رہے ہیں۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا منڈو کھبڑ کے مقام پر پہنچ کر قیام پذیر ہو گیا، یہ جلوس دوبارہ دن 1 بجے یہاں سے شروع ہو کر امام بارگاہ کربلا میدان پہنچ کر رات بھر قیام کرے گا اور 10 محرم کو کربلا میدان سے برآمد ہو کر شہداء قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ اس موقع پر جلوس کے راستے میں جگہ جگہ سبیلیں لگائی گئی ہیں اور لنگر کا انتظام کیا گیا ہے۔ انتہائی حساس جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے ساتھ چھتوں پر شارپ شوٹرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
پشاور میں 9 محرم کا مرکزی جلوس برآمد
پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہو گیا۔جلوس صدر روڈ، فخرِ عالم روڈ اور ٹیپو سلطان روڈ سے ہوتا ہوا فوارہ چوک پہنچے گا جہاں عزاء دار نمازِ ظہرین ادا کریں گے۔ ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال پر دوبارہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 1600 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں 10 ہزار 600 پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
پشاور کا صدر بازار ایک داخلی راستے کے علاوہ مکمل سیل کر دیا گیا ہے جبکہ داخلی راستے پر چیکنگ کے لیے 3 اسکینرز نصب کیے گئے ہیں۔خواتین عزاء داروں کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس بھی تعینات کی گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی اقدامات کے تحت موبائل سروس بھی بند ہے۔
سندھ کے مختلف شہروں میں 9 محرم الحرام کے جلوس
سندھ کے شہر کندھ کوٹ میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس الحسینیہ امام بارگاہ سے برآمد ہو گیا، جو مختلف راستوں سے ہو کر واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہو گا۔
گوجرانوالہ شہر میں 9 محرم الحرام کے موقع پر عزادارن کا مرکزی جلوس برآمد ہو گا، اس موقع پر موبائل فون سروس معطل ہے۔ترجمان ڈپٹی کمشنر کے مطابق گوجرانوالہ میں موبائل فون سروس رات 10 بجے تک بند رہے گی۔ملتان میں 9 ویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہو گا جس کے لیے اس وقت جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔سرگودھا میں 9 محرم الحرام کے موقع پر آج ضلع بھر میں مجموعی طور پر 64 جلوس نکالے جائیں گے۔مرکزی جلوس شہر کے مختلف بازاروں سے ہوتا ہوا بعد نمازِ مغرب امام بارگاہ بلاک 7 پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔نویں محرم الحرام کےموقع پر وہاڑی کے شہری قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی قبروں پر جا کر ان کی مغفرت کی دعائیں کر رہے ہیں، ساتھ ہی نذر نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔نویں محرم الحرام کے حوالے سے بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں بھی ایک ماتمی جلوس نکالا جائے گا، شہر میں اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے ضلع استور میں بھی سخت سیکیورٹی انتظامات میں شہدائے کربلا کی یاد میں مجلسیں بپا کی جا رہی ہیں اور عزا داری کی جا رہی ہے۔