لاہور (ڈیلی اردو) لاہور سمیت پنجاب بھر کے متعدد اضلاع میں موبائل سروس بند کر دی گئی۔ اوکاڑا، ساہیوال، خانیوال، ملتان، فیصل آباد، گجرات، راولپنڈی اور دیگر اضلاع میں موبائل سروس بند کر دی گئی، موبائل سروس شام 7 بجے تک بند رہے گی۔
ملتان میں نو محرم الحرام کے سلسلے میں مختلف امام بارگاہوں سے 81 جلوس برآمد ہونگے۔ 81 جلوسوں میں سے 9 ماتمی جلوس جبکہ 166 مجالس میں سے 35 انتہائی حساس ہیں جن میں ممتازآباد کا مرکزی ماتمی جلوس بھی شامل ہے جو نماز ظہر کی آذان ہونے کیساتھ ہی امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہو گا جس میں شرکت کیلیے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے بھی عزادار ملتان پہنچ گئے۔
جلوس اپنے روایتی راستے ممتازآباد مارکیٹ، چوک بی سی جی اور قدیمی گراونڈ سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ ممتاز آباد میں ہی اختتام پزیر ہو گا جس کی سیکورٹی کیلیے پولیس نے کنٹرول روم قائم کر کے 2464 اہلکاروں کو بھی تعینات کر دیا ہے جبکہ جلوس کی حساسیت کے باعث وقتا فوقتا فضائی نگرانی کی جارہی ہے اور اسی سلسلے میں پاک فوج کی تین اور رینجرز کی پانچ کمپنیوں کو بھی ریزو رکھا گیا ہے۔