ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) ملک بھرمیں آج یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ شہدا کربلا کی یاد میں شہر شہر جلوس اور مجالس عزا کا انعقاد۔ نذر و نیاز کا اہتمام۔ لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن۔ تاریخی جلوس آج شام کربلاگامے شاہ پہنچ کر ختم ہوگا۔ ملتان میں مرکزی جلوس روایتی راستوں پررواں دواں۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا۔ ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات۔ موبائل فون سروس جزوی معطل۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری بند۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں دسویں محرم کا پہلا جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ کمیٹی چوک سے برآمد ہوگا۔ جلوس رات گئے جامع مسجد روڈ پر واقع امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ سیکیورٹی انتظامات کے طور پر جلوس کے تمام راستوں کوکنٹینراور خاردار تاریں لگا کر سیل کردیاگیا ہے، کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔پولیس اہلکاروں کے ساتھ شاہین فورس اور مختار فورس کے پانچ سو سے زائد رضاکار بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

لاہور

ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی دس محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔رات گئے نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہ علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ شہر بھر میں مجموعی طور پر دس ہزار سے زائد نفری تعینات اور مرکزی جلوس کے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر محفوظ بنایا گیا ہے جبکہ موبائل سروس بند اور ڈبل سواری پر پابندی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے قائم کردہ کنٹرول روم سے پنجاب کی تمام مجالس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں علم دار روڈ سے برآمد ہونے والا جلوس روایتی راستوں پر گامزن ہے۔میزان چوک پر پہنچ کر نماز ظہرین ادا کی جائیگی۔

کراچی

شہدائے کربلا اور نواسہ رسول صلی اللہ وسلم کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر کی طرح کراچی میں جلوس نکالے جارہے ہیں۔ نشتر پارک میں مجلس کے بعد 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس برآمد ہوا۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا، امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پزیر ہوگا۔ 10 محرم الحرام کے جلوس میں خواتین اور مرد حضرات کے ساتھ ننھے اعزاداروں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔ اعزاداران کی حفاظت کیلئے جہاں رینجرز، پولیس اور اسکاؤٹ کے نوجوان تعینات ہیں، وہیں فضائی سیکیورٹی، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، اور بلند عمارتوں پر نشانے باز بھی موجود ہیں۔ جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینر لگا کر سیل کردیا گیا ہے، جبکہ صوبے بھر میں موبائل سروس بھی معطل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں