مقبوضہ بیت المقدس (ڈیلی اردو) اسرائیل کی فوجی عدالت نے متحدہ مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے فلسطینی رکن پارلیمان احمد عطون کو چار ماہ کی انتظامی قید کی سزا سنائی ہے۔ انہیں یہ سزا گرفتاری کے چند روز بعد سنائی گئی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کی فوجی عدالت نے القدس سے بےدخل کیے گئے رکن پارلیمنٹ احمد عطون کو چار ماہ کی قابل توسیع انتظامی قید کی سزا سنائی۔ احمد عطون کو اسرائیلی فوج نے رام اللہ میں موجود ان کی عارضی قیام گاہ سے 26 اگست کو حراست میں لیا تھا۔
خیال رہے کہ فلسطینی ارکان پارلیمان کی گرفتاری روز کا معمول بنا رکھا ہے۔ سنہ 2006ء میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے منتخب ارکان پارلیمنٹ کو بار بار اسرائیلی جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی بار بار مذمت کے باوجود فلسطینی سیاسی رہ نمائوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔
احمد عطون کو سنہ 2010ء کو القدس کی شہریت منسوخ کرکے انہیں شہر سے بے دخل کردیا تھا۔ احمد عطون پانچ بچوں کے باپ ہیں۔