حماس نے امریکا کی انتہا پسند تنظیم کے ساتھ رابطوں کا الزام مسترد کردیا

غزہ (ڈیلی اردو) اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی طرف سے عاید کردہ الزام مسترد کردیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حماس کے امریکا کی ایک خلاف قانون تنظیم’بوگالو موومنٹ’ کے ساتھ رابطے ہیں۔ امریکا نے الزام عاید کیا ہے کہ حماس بوگالو گروپ کے ذریعے فنڈز کے حصول کی کوشش کررہی ہے۔

حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے. حماس پر ایک انتہا پسند امریکی گروپ کے ساتھ تعلقات کا الزام بے بنیاد اور جماعت کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ امریکا کی طرف سے یہ الزام اسرائیل کی خوشنودی کے لیے عاید کی اہے۔

حماس نے امریکی الزامات کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عوام الناس پر زور دیا ہے کہ وہ امریکا اور صہیونیوں ‌کے الزامات پر کان نہ دھریں۔ حماس کے کسی انتہا پسند گروپ کے ساتھ کسی قسم کے روابط نہیں ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قضیہ فلسطین کے وجود کو ختم کرنا چاہتا ہے اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے حماس کو بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں