واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکا میں آج نائن الیون کی 19 ویں برسی منائی جا رہی ہے، 11 ستمبر 2001 کو نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر دو جہازوں کے ذریعے حملے میں 2 ہزار 9 سو 77 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد امریکا نے افغانستان پر حملہ کرکے لمبی جنگ لڑی۔
امریکا میں آج نائن الیون کی 19 ویں برسی ہے، نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر جہازوں کے ذریعے حملہ کیا گیا تھا جس میں 2977 افراد ہلاک اور 25 ہزار زخمی ہوئے تھے۔ متاثرہ خاندان ہر سال گراؤنڈ زیرو پر جمع ہوتے ہیں، سائٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے شمعیں روشن کی جاتی ہیں۔
11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹاورز کو کچھ افراد نے ہائی جیک کیے گئے 2 جہازوں کے ذریعے دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنایا، 11 ستمبر 2001 کو امریکی وقت صبح آٹھ بجے یہ حادثات پے در پے رونما ہوئے۔ پہلے ایک مسافر بردار بوئنگ طیارہ 757 نیو یارک کے 110 منزلہ ٹاور سے ٹکرایا، اس کے اٹھارہ منٹ بعد ہی دوسراجہاز ٹاور سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے وقت اس بلڈنگ میں دس ہزار افراد موجود تھے۔
ایک گھنٹے بعد ایک اور اغوا شدہ مسافر جہاز پینٹاگون سے ٹکرایا جس سے پینٹا گون جزوی طور پر تباہ ہو گیا۔ آدھے گھنٹے بعد وائٹ ہاؤس کی طرف لے جانے والے جہاز کو پنسلوانیا کے مقام پر لڑاکا طیاروں کے ذریعے مار گرایا گیا۔
امریکا نے میکسکو اور کینیڈا سے ملنے والی سرحد کو بند کر کے ریڈ الرٹ کر دیا۔ فضاؤں میں جنگی طیاروں نے پروازیں شروع کر دیں۔ امریکی بحری بیڑے حرکت میں آ گئے۔ تمام ایئر پورٹس بند کر دیئے گئے اور کسی عام طیارے کو پرواز کی اجازت نہيں دی گئی۔ نائن الیون سانحے کے بعد امریکا نے پہلے افغانستان اور پھر عراق پر حملہ کر دیا۔