اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقہ شکتوئی میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں کمانڈر احسان محسود عرف سنڑئے ساتھیوں سمیت ہلاک اور ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اہم کمانڈر احسان محسود عرف سنڑئے احسان دیگر تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان سنڑے دہشت گردی کی کئی وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ تھا، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان میں بھی ملوث تھا اور وہ سی ٹی ڈی پولیس کو بھی مطلوب تھا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق احسان سنڑے گزشتہ دنوں شکتو میں کیے گئے اس حملے کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث تھا جس میں لیفٹیننٹ ناصر اور کیپٹن صبیح ہلاک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اہم کمانڈر سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے تھے۔ جبکہ دس کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔