واشنگٹن (نیوز ڈیسک) شکاگو کی ایک فیکٹری میں کام سے برطرف کیے جانے پر ایک شخص نے فائرنگ کرکے 6 افراد کو ہلاک کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو میں فائرنگ کا واقعہ پیش آٰیا ہے جہاں گیری مارٹن ملازم نے فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے برطرفی کا نوٹس ملنے پر اپنے ساتھ کام کرنے والے دیگر مزدوروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے جب ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ملزم نے پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا۔
پولیس کے مطابق ہم ملزم کا پچھلا کرمنل ریکارڈ نکالنے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ بھی جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ گیری مارٹن نے اپنے ساتھ کام کرنے والے مزدوروں پر ہی فائرنگ کیوں کی، اس حوالے سے پولیس کے پاس کوئی رپورٹ نہیں البتہ 15 سال سے فیکٹری سے وابستہ رہنے کے بعد انہیں گزشتہ روز برطرفی کا نوٹس دیا گیا تھا۔