اسلام آباد (ڈیلی اردو) دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی، فرقہ واریت میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاکستان میں فرقہ واریت میں بھارت کے ملوث ہونے کے حوالے سے زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ‘ہمارے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد ہیں کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کے پیچھے ہے، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے بھارت سرگرم ہے اور اس کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، تاہم فرقہ واریت کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔’
اسرائیل اور عرب ریاستوں کے درمیان تعلقات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، پاکستان فلسطینی ریاست کا حامی ہے اور فلسطین کے دو ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن چاہتا ہے جبکہ القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہونے کی حمایت کرتے ہیں۔