ایران: صوبہ سیستان، بلوچستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، پاسداران انقلاب کے تین اہلکار ہلاک

تہران (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان، بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں سپاہِ پاسداران انقلاب کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کے مطابق مسلح حملہ آور ایک پیجو کار میں سوار تھے۔ انھوں نے نیک شہر کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والی باسیج ملیشیا کی دو کاروں پر منگل کی سہ پہر چار بجے کے قریب حملہ کیا۔

سپاہ پاسداران انقلاب نے اس حملے میں اپنے تین اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے جبکہ مسلح حملہ آوروں کی شناخت کے لیے تحقیقات کی جارہی ہے۔

پاکستان کی سرحد کے ساتھ واقع ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان میں ایک عرصے سے شورش بپا ہے اور یہاں سے تعلق رکھنے والے بلوچ علاحدگی پسند اور انتہا پسند پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بھی حملے کرتے رہتے ہیں۔

کالعدم تنظیم جیش العدل سے تعلق رکھنے والے مسلح جنگجو ماضی میں ایرانی سکیورٹی فورسز پر متعدد ہلاکت خیز حملے کرچکے ہیں اور انھوں نے بعض ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کو اغوا بھی کر لیا تھا۔

اسی صوبہ میں فروری 2019ء میں ایک بس پر خودکش بم حملے میں پاسداران انقلاب کے 27 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ جیش العدل نامی تنظیم سیستان، بلوچستان میں سنیوں کے ایک اور دہشت گرد گروپ جندللہ کے بطن سے معرض وجود میں آئی تھی۔

جنداللہ نے کوئی ایک عشرے تک اس صوبہ میں ایرانی سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی تھیں لیکن 2010ء میں اس کے لیڈر عبدالمالک ریگی کی گرفتاری کے بعد اس کی سرگرمیاں ماند پڑگئی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں