شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار

اسلام آباد + راولپنڈی (ش ح ط/ نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے جب کہ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار بھی کیاگیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار عارف بھی زخمی ہوا، زخمی اہلکار کو ایف ٹی سی ہسپتال میرانشاہ منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد بلال عرف ابو ناصر شمالی وزیرستان کے خیسور میں قبائلی ملک ماتورکی پر حملے میں بھی ملوث تھا، جبکہ ماڑی پٹرولیئم کمپنی کے انجینئر زاہد اللہ کی اغوا میں بھی ملوث رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ماڑی پٹرولیئم کے متعدد اہلکاروں کو ہلاک کرنے میں بھی ان کا نام سر فہرست رہاہے، اس کے علاوہ ابو ناصر دہشتگردی کے دیگر درجنوں واقعات میں ملوث تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں ہی سیکیورٹی فورسز کو ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی تھی جب بارودی سرنگیں بنانیوالے ماہر سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں