سوات (ریاض شاہد) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے منگلور میں شرپسندوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی جبکہ ایک شرپسند مارا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے پولیس اہلکار رحمٰن اللہ پاؤں پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جس کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا مزید بتانا ہے کہ پولیس وین پیر کی صبح معمول کی گشت پر تھی کہ اس دوران شرپسندوں نے فائرنگ کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں ایک شرپسند ہلاک ہوگیا۔ قاسم خان ڈی پی او کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت جمیل خان سکنہ گانشال کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ اسکا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہو گیا ہے، پولیس زخمی ملزم کی تلاش میں لگی ہوئی ہے۔ جبکہ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔