کابل (ڈیلی اردو) افغان فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا کر تباہ ہونے کے نتیجے میں کم از کم 15 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق خوفناک حادثہ جنوبی افغانستان کے حصے صوبہ ہلمند میں پیش آیا جہاں فضا میں دو ہیلی کاپٹرز ٹکرا گئے۔
هلمند کې د دوو چورلکو ټکر کیدو پيښه کې ۱۵ سرتیري وژل شويhttps://t.co/d8T4rTO3iJ pic.twitter.com/mmnt7yFNAI
— 1TVNewsAF (@1TVNewsAF) October 14, 2020
لشکر گاہ کے ضلع نوائے باراکزئی میں کمانڈوز کو اتارنے اور زخمیوں کو ریسکیو کرنے کے دوران افغان فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹرز ٹکرائے۔
یہ سویت یونین ساختہ ایم آئی-17 ہیلی کاپٹرز تھے، تصادم کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں افغان فوج کے زخمی اہلکار اور ہیلی کاپٹرز کا عملہ بھی شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
Some of ANDSF members killed in helicopter crash incident in Nawa, Helmand being identified as Obaidullah, Meharullah, Idrees and Ahmadi. Total chaos in Helmand continues. #Afghanistan pic.twitter.com/JuWFygOUAw
— FJ (@Natsecjeff) October 14, 2020
حکام کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں گزشتہ کئی روز سے طالبان اور فورسز میں شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ متصل علاقوں سے طالبان اکٹھے ہو کر لشکر گاہ پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹرز ہلمند کے ضلع ناوا میں طالبان جنگجوؤں کے خلاف ایک فوجی آپریشن میں حصہ لینے والی کمانڈوز کی ٹیم کو دشوار گزار علاقے میں چھوڑنے اور واپس لانے کے لیے استعمال ہورہا تھا۔
ہلمند گورنر کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ چار گھنٹے سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے آپریشن میں 23 طالبان دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا اور ضلع ناد علی میں تین نئی چیک پوسٹیں بھی بنائی گئی ہیں۔
دوسری جانب صوبے بغلان میں طالبان جنگجوؤں نے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 16 اہلکار ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جب کہ حملے کے بعد طالبان افغان فوج کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔
اس سے قبل 24 ستمبر کو بھی تکنیکی خرابی کے باعث افغان فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 2 پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔