رام اللہ (ڈیلی اردو) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں قابض صہیونی فوج نے گھر گھر تلاشی کی تازہ کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا، گھروں میں موجود قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور بڑی مقدار میں نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔
غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میںقابض فوج نے تلاشی کے دوران دو فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔ ان میں ایک سابق اسیر شامل ہے۔
کلب برائے اسیران کے مطابق قابض فوج نے طولکرم سے سابق اسیر محمد منیر عبدالقادر اعمر اور 26 سالہ محمد مروان شہاب کو حراست میں لے لیا۔
ادھر غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں قابض فوج نے ایک فلسطینی نوجوان 19 سالہ محمد ایاد شاہین کو حراست میں لے لیا جب کہ ایک نوجوان کو حراستی مرکز میں طلب کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی شہر میں قائم الدھیشہ پناہ گزین کیمپ میں گھس کر اسیر شاہین کے والدین کے گھر میں توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔
ادھر اسی کیمپ میں قابض فوج نے 28 سالہ عدی محمود ابو مفرح کو حراست میں لیا۔
غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں گھر گھر تلاشی کے دوران قابض فوج نے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج نے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔