باکو (ڈیلی اردو) آرمینیا اور آذر بائیجان کی افواج کے درمیان متنازع علاقے نگورنو کارا باخ کے معاملے پر شروع ہونے والی جھڑپوں میں آج سے عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔
دونوں ملکوں کے نگورنو کاراباخ کے معاملے پر 27 ستمبر سے جھڑپیں جاری تھیں، جھڑپوں میں دونوں طرف کے شہریوں اور فوجیوں سمیت 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے جنگ بندی پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا۔
وسط ایشیائی ممالک آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان نگورنو کاراباخ کے متنازع علاقے میں حالیہ فوجی کشیدگی کی تاریخ سوویت یونین سے جڑی ہے اور اب تک اس علاقے پر دونوں ممالک میں خون ریز جنگیں بھی ہو چکی ہیں۔
دونوں ممالک اس متنازع سرحدی علاقے پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں، ‘نگورنو کاراباخ’ کا علاقہ باضابطہ طور پر آذربائیجان کا حصہ ہے لیکن آرمینیا کے نسلی گروہ نے 1990 کی جنگ میں آرمینیا کی مدد سے یہاں قبضہ کرلیا تھا اور اب یہ آرمینیائی فوج کے کنٹرول میں ہے۔
آرمینیائی اور آذربائیجان کی فوجوں کے درمیان اکثر اس علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے، رواں سال جولائی میں بھی اسی طرح کے ایک تصادم میں دونوں جانب کے 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔