آذربائیجان کے شہر گانجا میں آرمینیائی افواج کے بلیسٹک میزائلوں حملے جنگی جرم قرار

استنبول (ڈیلی اردو) ترکی نے آذربائیجان کے شہر گانجا میں آرمینیائی افواج کے حملے کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔ شہری آبادی پر بلیسٹک میزائلوں کے نتیجے میں 14 عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ آرمینیا نے دو آذری ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

باکو حکام کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں میں 50 سے زائد شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ آذری صدر الہام علی یوف نے بدلہ لینے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ آرمینیا نے بھی آذربائیجان پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

گزشتہ ہفتے روس کی کوششوں سے دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا لیکن اس دوران سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں دیکھی گئی ہیں۔ آرمینیا نے سرحدی علاقوں میں آذر بائیجان کے دو ڈرون مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

خیال رہے کہ نگورنوکارا باخ کے تنازعے پر آذربائیجان اور آرمینیا میں گذشتہ 3 ہفتوں سے جاری جھڑپوں میں شدت آتی جارہی ہے اور اب تک دونوں جانب کے سیکڑوں افراد مارے جا چکے ہیں۔

دونوں ممالک نگورنو کارا باخ کے علاقے پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں تاہم نگورنو کاراباخ کا علاقہ باضابطہ اور عالمی طور پر تسلیم شدہ آذربائیجان کا حصہ ہے لیکن آرمینیا کے نسلی گروہ نے 1990 کی جنگ میں آرمینیا کی مدد سے یہاں قبضہ کرلیا تھا اور اب یہ آرمینیائی فوج کے کنٹرول میں ہے۔

آرمینی اور آذربائیجان کی فوجوں کے درمیان اکثر اس علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے، رواں سال جولائی میں بھی اسی طرح کے ایک تصادم میں دونوں جانب کے 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں