لورالائی (ڈیلی اردو) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار شہید اور ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ ہفتہ کو دوپہر لورالائی کے علاقے ژوب روڈ پر مجید پلازہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب سادہ کپڑوں میں ملبوس فرنٹیئر کور بلوچستان کے دو اہلکار خریداری کی غرض سے پیدل بازار کی طرف جارہے تھے۔ اس دوران نامعلوم دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، فائرنگ سے دونوں اہلکار موقع پر ہی شہید جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز، پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی، لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں زخمی راہ گیر شمس اللہ ولد عبداللہ کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ شہید اہلکاروں کی شناخت ایف سی لورالائی اسکاؤٹس کے حوالدار علاؤ الدین اور نائیک محمد انور کے نام سے ہوئی ہے، علاؤ الدین کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت جبکہ محمد انور کا تعلق ضلع کرک سے بتایا جاتا ہے۔
لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ مزید کارروائی کی جارہی ہے
پولیس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل سوار تھے، جنہوں نے واردات میں ٹی ٹی پستول کا استعمال کیا، دونوں اہلکاروں کو سروں میں گولیاں ماری گئیں، واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 7 ہفتوں کے دوران لورالائی میں دہشتگردی کا یہ پانچواں واقعہ ہے، ایف سی ٹریننگ سینٹر، ڈی آئی جی پولیس آفس کے دفاتر پر خودکش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 14 سیکیورٹی اور پولیس اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 16 افراد شہید ہوچکے ہیں۔
ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے