کراچی: گلشن اقبال کے اللہ نور اپارٹمنٹ میں دھماکا، 5 افراد ہلاک، 20 سے زائد زخمی

کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 کے اللہ نور اپارٹمنٹ میں دھماکہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں اب تک 5 افراد ہلاک جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جن میں سے 7 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے سے رہائشی عمارت کا ایک حصہ گرگیا۔ دھماکا 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور پر ہوا۔ دھماکے سے متعدد فلیٹس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دیواروں کو بھی نقصان پہنچا۔ 4 منزلہ عمارت میں 105 فلیٹس ہیں۔ گراؤنڈ فلور پر بینک اور 2 فلیٹس بھی دھماکے سے تباہ ہوئے۔

رینجرز، پولیس، ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ملبہ ہٹانے کیلئے بھاری مشینری طلب کرلی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے مسکن چورنگی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ مراد علی شاہ نے زخمیوں کیلئے فوری طبی امداد کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ ابھی گزشتہ روز یعنی منگل کو ہی کراچی کے ایک اور گنجان آباد علاقے کیماڑی کی شیرین جناح کالونی کے ایک بس ٹرمینل کے داخلی حصے میں زور دار بم دھماکے میں 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کی تفتیشی کارروائی کے بعد بتایا گیا تھا کہ بس ٹرمینل کے داخلی دروازے کے پاس دھماکا خیز مواد  ایک موٹر سائیکل پر نصب تھا جس کے پھٹنے سے چھ افراد زخی ہوئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں