ریاض (ڈیلی اردو) یمن کی آئینی حکومت کی رٹ بحالی کے لیے سرگرم اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق مشترک اتحادی فوج نے حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا جانے والا بارود بردار ڈرون طیارہ مارا گرایا۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’واس‘‘ کے مطابق جمعہ کے روز حوثی ڈرون طیارہ کو اس وقت تباہ کیا گیا جب وہ سعودی عرب کے جنوبی ریجن میں سرکردہ شخصیات کو نشانہ بنانے کے مشن پر تھا۔
گذشتہ اتوار کو اتحادی فوج نے بتایا تھا کہ حوثی ملیشیا نے صنعاء کے علاقے سے میزائل داغا جو صعدہ میں گرا۔
اتحادی فوج نے مزید بتایا کہ ’’حوثی ملیشیا صنعاء کے شہری علاقوں سے بیلسٹک میزائل داغنے کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا حوثی ملیشیا اندھا دھند میزائل فائر کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، یہ میزائل بعض اوقات شہری علاقوں میں جا کرتے ہیں۔
گذشتہ ہفتے عرب اتحادی فوج نے حوثیوں کا بیلسٹک میزائل اس وقت تباہ کرنے کا دعوی کیا جب میزائل کو لانچنگ پیڈ پر رکھنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔
عرب اتحادی فوج نے بتایا کہ انھوں نے جنوبی ریجن میں عام شہریوں اور عمائدین کے تحفظ کے لیے ضروری تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔ اتحادی فوج حوثی ملیشیا کی نت نئی دہشت گرد کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہیں۔