کورونا وائرس: سری لنکن پارلیمنٹ دو روز کیلئے بند

کولمبو (ڈیلی اردو) سری لنکا کی پارلیمان میں ڈیوٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد پارلیمنٹ کی عمارت کو بند کر دیا گیا ہے۔

سری لنکن پارلیمنٹ کی عمارت پیر سے دو روز کے لیے بند رہے گی اور اس دوران عمارت میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے گا۔

سری لنکا میں رواں ماہ کے آغاز میں ایک جرمن فیکٹری کے متعدد ملازمین کرونا وائرس کا شکار پائے گئے تھے جس کے بعد سے اب تک 4400 کیسز سامنے آ چکے ہیں جو ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 7872 کے نصف سے بھی زائد ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سری لنکا میں 351 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

حکومت نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اجتماعات پر پابندی عائد کی ہوئی ہے جب کہ اسکول بھی بند ہیں۔

سری لنکا کے کچھ علاقوں میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کرفیو عائد کیا گیا ہے۔ ہزاروں لوگوں کو گھروں میں قرنطینہ میں رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جب کہ آٹھ ہزار سے زائد افراد فوج کے زیرِ انتظام قرنطینہ مراکز میں رہ رہے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں