سعودی عرب: جدہ میں فرانسیسی قونصل خانے کا گارڈ چاقو حملے میں زخمی، ملزم گرفتار

ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب میں ایک شخص نے فرانسیسی قونصل خانے کے باہر چاقو سے حملہ کرکے قونصل خانے کے گارڈ کو زخمی کردیا۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ایک سعودی شہری نے جدہ میں فرانسیسی قونصل خانے کے گارڈ کو چاقو سے حملہ کرکے زخمی کردیا ہے۔

اس حوالے سے فرانسیسی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ حملے کے فوری بعد سعودی سیکیورٹی فورسز نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا جبکہ زخمی گارڈ کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

سعودی پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور سعودی شہری ہے تاہم زخمی ہونے والے گارڈ کی شہریت نہیں بتائی گئی۔

فرانسیسی سفارتخانے نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ فرانسیسی اور سعودی حکام نے حملے کے محرکات کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فرانس کے شہر نیس میں بھی چرچ کے قریب چاقو سے کیے جانے والے حملے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

نیس کے میئر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا کہ چرچ کے باہر چاقو سے حملہ کیا گیا جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں