لداخ: چین نے مزید بھارتی علاقے پر قبضہ کر لیا

لداخ (ڈیلی اردو) بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) کے سابق رکن پارلیمنٹ تھپستن چیونگ نے انکشاف کیا ہے کہ چین نے پنگانگ لیک کے علاقے میں مزید 8 کلومیٹر تک بھارتی علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔

سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ تھپستن چیونگ کا بھارتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چین کے ساتھ سرحد پر صورتحال کشیدہ ہے، چینی فوج بھارتی علاقے میں گھس آئی ہے۔

تھپسن چیونگ کا کہنا ہے کہ چینی فوج نے بھارت کے مزید 8 کلومیٹر علاقے پر قبضہ کر لیا ہے، چین نے دو اہم بھارتی پوزیشنوں پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔

سابق بھارتی ایم پی نے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ مقامی افراد سے پتہ چلا ہے لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر تعینات بھارتی فوجی خون جما دینے والے درجہ حرارت میں ٹینٹوں میں رہ رہے ہیں۔

سابق بھارتی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں کا ٹینٹوں میں رہنا ناقابل قبول ہے، اگر حکومت مذاکرات کے ذریعے چین سے بھارتی علاقہ خالی نہیں کروا سکتی تو بھارتی فوجیوں کو مناسب شلٹر فراہم کرنا چاہیے۔

قبل ازیں بھارتی اخبار دی ہندو نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ چینی افواج نے لداخ میں فنگر فور کے علاقے میں قبضہ کر رکھا ہے اور بھارتی فوج وہاں پر اپریل سے پیٹرولنگ نہیں کر سکی ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی اخبار نے یکم ستمبر کو چینی فوج کی جانب سے ایک ہزار کلومیٹر رقبے پر قبضے کی رپورٹ کی تھی۔

بھارت اور چین کے درمیان لداخ کے متنازع علاقے پر گزشتہ 5 ماہ سے حالات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک کی افواج کئی بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے بھی آ چکی ہیں۔

چینی افواج کی جانب سے بھارتی فوجیوں کی پٹائی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں