اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان پر دباؤ ڈال کر اسے افغان جنگ کا حصہ بنوایا، پاکستان پر افغانستان میں طالبان کو استعمال کرنے کا الزام غلط ہے، پاکستان افغان امن عمل کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر خوش ہے۔
جرمن جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت ایک فاشسٹ ملک ہے اور نریندر مودی کی حکومت نازیوں سے متاثر ہے، آر ایس ایس ہٹلر کو ہیرو مانتی ہے اور وہ بھارت سے مسلمانوں کو ختم کرنا چاہتی ہے۔
افغانستان سے متعلق عمران خان نے کہا کہ امریکا نے پاکستان پر دباؤ ڈال کر اسے افغان جنگ کا حصہ بنوایا، پاکستان پر افغانستان میں طالبان کو استعمال کرنے کا الزام غلط ہے، پاکستان افغان امن عمل کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر خوش ہے۔
عمران خان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق سوالات پر کہا کہ پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں جنگجو بھیجنے کا الزام بھی درست نہیں، مجھ میں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں کافی چیزیں مشترک ہیں، ہم چاہتے ہیں امریکا مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے ساتھ یکساں رویہ اپنائے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اقتدار میں آتے ہی یمن میں ثالثی کی پیشکش کی، سعودی عرب اور ایران سے بات کی، کسی کو امن مذاکرات پر مجبور نہیں کرسکتے، فلسطین کی آزادی تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔
فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی مغربی ممالک سے زیادہ ہے، سچی اور حقائق ہر مبنی تنقید کو قبول کیا جائے گا۔
ملکی سیاست سے متعلق سوالات پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں، کرپٹ لیڈرشپ کی وجہ سے ملک غریب ہے، پاکستان سے لاکھوں ڈالرز لوٹ کر لندن میں فلیٹس خریدے گئے، حالیہ جلسے اور جلوسوں کے ذریعے اپوزشن مجھے بلیک میل کر کے کرپشن کیسز سے پیچھے ہٹانا چاہتی ہے۔