ویلنگٹن (ڈیلی اردو) جیسنڈا آرڈرن نے دوسری مرتبہ وزارت اعظمیٰ کا حلف اٹھالیا۔
نیوزی لینڈ کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنی والی جیسنڈا آرڈرن نے جمعہ کے روز دوسری مرتبہ وزارت اعظمیٰ کا حلف اٹھایا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حلف برداری کی تقریب ویلنگٹن گورنمنٹ ہاؤس ہوئی جس میں جیسنڈا آرڈرن اور ان کی کابینہ کے ارکان نے انگریزی زبان میں حلف لیا۔
وزارتِ اعظمیٰ کا حلف اٹھانے کے وزیراعظم جیسنڈا نے نیوزی لینڈ کے لیے ماؤری زبان کا استعمال کیا۔
جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ ہمیں کئی ایسے اہم چیلنجز درکار ہیں جن پر ہم مل کر قابو پائیں مگر میں پر اعتماد ہوں کہ میرے پاس اس کے لیے ٹیم ہے جو اب باقاعدہ ان پر قابو پانے کے قابل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسنڈا آرڈرن کی کابینہ 20 افراد پر مشتمل ہے جس میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میری کابینہ مجموعی طور پر مختلف نظریات کی نمائندگی کرتی ہے جو بھرپور قابلیت اور بہترین تجربے کے ساتھ کسی بھی بحران میں ہر وقت ملک کی خدمت کے لیےپرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس اصلاحات کے لیے مطلوبہ اکثریت موجود ہے، ان کی ترجیحات میں کورونا پر قابو پانا اور اس کی وجہ سے ملک کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنا ہے۔
خیال رہے کہ 40 سالہ جیسنڈا آرڈرن نے 17 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں زیادہ اکثریت حاصل کی جب کہ کورونا کے باعث انتخابات میں تاخیر کے باوجود ان کی لیبر پارٹی کو جنگ عظیم دوئم کے بعد سب سے بڑی کامیابی ملی۔