واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک کو متنبہ کیا ہے کہ شام میں گرفتار اپنے داعش جنگجو شہریوں کو تحویل میں لے کر اپنی سرزمین پر ہی سزا دیں ورنہ بڑی تباہی کے لیے تیار رہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ شام میں 800 سے زائد ایسے داعش دہشت گرد گرفتار ہیں جو برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی شہری ہیں۔ یہ ممالک ان جنگجوؤں کو اپنی تحویل میں لے کر اپنی ہی سرزمین پر ٹرائل کریں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ شام سے شدت پسند تنظیم داعش کا جلد مکمل خاتمہ ہو جائے گا تاہم شام کی مختلف جیلوں میں اسیر یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے 800 جنگجو ایک بڑا خطرہ ہیں اور اگر یہ رہا ہوگئے تو خود ان ممالک کی سرزمین کے لیے بھی ایک مستقل خطرہ بن جائیں گے۔
The United States is asking Britain, France, Germany and other European allies to take back over 800 ISIS fighters that we captured in Syria and put them on trial. The Caliphate is ready to fall. The alternative is not a good one in that we will be forced to release them……..
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) February 17, 2019
شام میں داعش کے خلاف حتمی جنگ جاری ہے، شام کے کچھ ہی حصے پر قابض داعش جنگجوؤں کا زور اب ٹوٹ رہا ہے اور امریکا بھی شام سے اپنی فوجیں واپس بلانے کا عندیہ دے چکا ہے۔ یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے اسیر داعش جنگجو امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے قبضے میں ہیں۔