سعودی عرب کا آئل تنصیبات پر حوثی باغیوں کے حملے ناکام بنانے کا دعویٰ

یاض (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) سعودی عرب نے آئل تنصیبات پر حوثی باغیوں کے حملے ناکام بنا دیے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جمعرات کو رات گئے سعودی وزارت توانائی کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا کہ سعودی دفاعی حکام نے ’دھماکہ خیز مواد سے لدی دو کشتیوں کو تباہ کر دیا جو حوثی باغیوں نے تیل کی تنصیبات پر حملہ کرنے کے لیے بھیجی تھیں۔‘

ایس پی اے کے مطابق حملہ بدھ کی شب ہوا تھا اور اس کی وجہ سے تیل کی تنصیبات پر آگ لگ گئی تھی لیکن اس پر بعد میں قابو پا لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سعودی میڈیا کےمطابق فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں آئل سپلائی کرنے والی لائنوں میں محدود پیمانے پر آگ لگی جسے پر فوری قابو پالیا گیا جب کہ اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سعودی حکومت نے آئل تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مجرمانہ فعل میں صرف سعودیہ کو ہدف نہیں بنایا گیا بلکہ مرکزی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔

حوثی عسکریت پسندوں اور ان کے اتحادیوں کے ساتھ سعودی عرب کی زیر قیادت اتحاد کے پانچ سالہ تنازع میں اندازً دس ہزار یمنی شہریوں کی ہلاکت ہوئی ہے جن میں سے زیادہ تر سعودی اتحادیوں کے حملوں کا نشانہ بنے تھے۔

اس کے علاوہ قحط اور بیماریوں کے پھیلنے سے بھی ہزاروں افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں