عالمی طاقتوں اپنے مفادات کیلئے افغان سرزمین کو استعمال نہ کریں، پی ٹی ایم

پشاور (ڈیلی اردو) پختون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین نے کہا ہے کہ امن مذاکرات کے باوجود تشدد کے بڑھنے نے افغانستان میں جاری امن عمل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹرز میرام شاہ میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف طالبان اور افغان حکومت نے امن مذاکرات شروع کیے تو دوسری جانب جنگ زدہ ملک میں تشدد میں شدت آگئی۔

منظور پشتین کا کہنا تھا کہ ’موجودہ غیریقینی صورتحال نے امن عمل کو شبہ میں ڈال دیا ہے‘۔

انہوں نے امریکا سمیت بڑی عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے مفادات کے لیے افغان سرزمین کو استعمال نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’براہ مہربانی واپس اپنے وطن چلے جاؤ اور پختونوں کی سرزمین پر لڑائی روک دو‘۔

منظور پشتین نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دیں اور باہمی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ پختون قوم نے پہلے ہی عسکریت پسندی اور تشدد کا سامنا کیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے خواتین کو حقوق دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

علاوہ ازیں جلسے سے سابق سینیٹر افراسیاب خٹک، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور پی ٹی ایم کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں