اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ گل امام کی حدود میں واقع نواحی گاؤں وانڈہ زلو کے قریب ایف آر پی کا سپاہی محمد عمران کنڈی سودا سلف لے رہا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جس کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مقتول پولیس اہلکار ایف آر پی پولیس بنوں میں تعینات تھا۔
ٹانک پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ کل قبائلی ضلع خیبر میں دہشتگردانہ واقعہ پیش آیا تھا جس میں سابق ایس ایچ او جمرود حاجی گلا جان ہلاک اور ڈرائیور نواب زخمی ہو گیا تھا اور آج دو واقعے رپورٹ کیے گئے ہیں جس میں پہلا حملہ ضلع چارسدہ میں ملٹری انٹیلی جنس کے مقامی دفتر پر ہوا جس میں ایک حملہ آور اور ایک سیکیورٹی فورسز کا اہلکار ہلاک ہوگیا۔