کوئٹہ (ڈیلی اردو) فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بلوچستان میں دہشتگردوں کی مالی معاونت اور حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کے کمرشل بینکنگ سیکٹر نے ملکی مفاد اور ایف اے ٹی ایف کی جانب سے غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے فارن ایکسچینج، منی لانڈرنگ، دہشتگردوں کی مالی معاونت سے متعلق اٹھائے گئے نکات پر کارروائی کرتے ہوئے حوالہ اور ہنڈی کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کردیا ہے۔
اس سلسلے میں ایف آئی اے نے حوالہ اور ہنڈی کے کاروبار میں ملوث متعدد افراد کے خلاف 2 مقدمات درج کیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے نے دہشتگردوں کی مالی معاونت کے متعدد ثبوت اور بینک اکاؤنٹس اکٹھے کیے ہیں جنہیں منجمد اور مزید تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام کو ریفر کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اب تک کارروائی کے دوران 10 لاکھ روپے پاکستانی کرنسی، 1100 ڈالر، 30 ملین ایرانی کرنسی اور ایک ہزار ترکش کرنسی سمیت مختلف بینکوں کے کروڑوں روپے کے چیک اور اربوں روپے کی غیر قانونی ٹرانزکشن کا سراغ لگا کر کارروائی شروع کر دی۔