باجوڑ (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے سرحدی علاقے میں افغانستان سے دہشت گردوں کے مارٹر حملہ سے ایک چرواہا ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقہ لیٹئی بانڈوں پر افغانستان کی طرف سے دہشت گردوں نے مارٹر گولے فائر کئے۔ جس کے نتیجے میں چرواہا شیریں خان ہلاک جبکہ کشمیر نامی شخص شدید زخمی ہوگیا۔ دونوں افراد مویشی چرا رہے تھے۔ ان کا تعلق تحصیل سالارزئی کے علاقہ سروونو ٹبستے سے تھا۔
باجوڑ اسکاؤٹس کے اہلکاروں نے ایمبولینس کے ذریعے زخمی کو پہلے خار ہسپتال اور بعد ازاں سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا۔ واقعہ کے خلاف عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ قبائلی عمائدین نے حملہ پر سخت غم وغصہ کا اظہار کیا۔