سری لنکا جیل میں کورونا قیدیوں کے درمیان تصادم، 11 ہلاک، 100 سے زائد زخمی، 607 رہا

کولمبو (ڈیلی اردو/اے ایف پی) سری لنکا میں ایک جیل میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ حالات سے ناراض قیدیوں کے پرتشدد تصادم کے بعد حکومت نے سینکڑوں قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے قریب واقع ایک انتہائی سکیورٹی والے جیل میں کورونا وائرس سے پیداشدہ حالات سے ناراض قیدیوں کے پرتشدد تصادم میں اب تک 11 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ اس صورت حال کے پیش نظر حکومت نے سینکڑوں قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سری لنکا کی حکومت نے منگل کے روز کہا کہ گنجائش سے زیادہ رکھے گئے قیدیوں والے جیلوں میں سے ایک میں کورونا وائرس کی وبا پھوٹ پڑنے کے بعد معمولی جرائم میں قید سینکڑوں افراد کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مزید ایسے ہزاروں قیدیوں کو بھی رہا کر دیا جائے گا۔

وزیر انصاف علی صابری نے پارلیمان کو بتایا کہ اتوار کے روز جیل میں فساد پھوٹ پڑنے کے واقعے کے بعد اب تک 607 قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے اور ایک صدارتی حکم کے مدنظر مزید قیدیوں کو رہا کرنے کے لیے دیگر راستے تلاش کیے جارہے ہیں اور ان کے خلاف مقدمات کی سماعت تیز کی جارہی ہے۔

اموات میں اضافہ

کولمبو سے پندرہ کلومیٹر کی دوری پر واقع مہارا کے ہائی سکیورٹی والی جیل میں تصادم کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہوگئی ہے۔ 100 سے زیادہ قیدی زخمی ہوئے ہیں جبکہ دو جیل افسران کو بھی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ابتدا میں 8 قیدیوں کے ہلاک ہونے کی خبریں تھیں تاہم تشدد میں زخمی ہونے والے 3 دیگر قیدی بھی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

مہارا جیل میں تصادم کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب قیدیوں نے بہتر صحت کی سہولیات اور اپنے کیسز کی سماعت تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔

جیل خانہ جات کے کمشنر چندنا ایکانائیکے نے اس سے قبل کہا تھا کہ قیدیوں کا ایک گروپ اس علاقے میں داخل ہوگیا جہاں دوائیں رکھی ہوئی تھیں اور انہوں نے دوائیں لوٹ لیں۔

سری لنکا کے جیلوں کی حالت اچھی نہیں ہے۔ وہاں اس وقت 30 ہزار سے زیادہ قیدی ہیں جو کہ جیلوں میں قیدیوں کی گنجائش کے مقابلے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔ تقریباً 1200 قیدی جانچ کے بعد کورونا پوزیٹیو پائے گئے ہیں۔

سری لنکا میں گزشتہ ماہ سے کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ملک میں کرونا وائرس سے متاثررہ افراد کی کل تعداد 23000 کے قریب ہے جب کہ 122 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں