کابل (ڈیلی اردو) افغانستان ایران سے پہلی آزمائشی مال بردار ٹرین افغانستان پہنچ گئی، ٹرین خاف سے 500 میٹرک ٹن سیمنٹ لیکر ہرات پہنچی، آئندہ 10 روز میں باقاعدہ افتتاح ہوگا۔
صوبائی حکومت نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا کہ بدھ کے روز ہرات – خاف ریلوے منصوبے کے آپریشنل مراحل کی تکمیل کے بعد ایرانی شہر خاف سے 500 میٹرک ٹن سیمنٹ سے لدی ٹرین ہرات کے ضلع گوریان پہنچی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پہلی بار تجرباتی بنیاد پر مال بردار ٹرین کے علاوہ ایک مسافر ٹرین بھی بدھ کو ایران سے متصل گوریان پہنچی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ریلوے لنک کے تیسرے مرحلے کی تعمیر حال ہی میں مکمل ہوگئی اور توقع ہے کہ آئندہ 10 روز میں اس کا افتتاح کیا جائے گا۔