بیروت (ڈیلی اردو) لبنان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف شکایت کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے ہاتھوں لبنان کی فضائی حدود کی مسلسل پامالیوں پر احتجاج کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کے روز لبنان میں اقوام متحدہ میں ایک بار پھر تحریری طورپر شکایت کی کہ اسرائیل روز مرہ کی بنیاد پر لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
اسرائیلی جنگی طیارے لبنان کی خود مختاری کو تباہ کررہے ہیں۔
لبنان کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران اسرائیلی جنگی طیاروں اور ڈرون طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزیاں کیں۔
ادھر لبنانی وزیر فاع زینہ عکر نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج روز مرہ کی بنیاد پر لبنان کی فضائی حدود کو پامال کررہی ہے۔
عکر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے سرحدی علاقوں میں اپنی پروازیں کیں اور مغربی اور وسطی لبنان میں اعالی کسروان، جبیل اور شکا کے علاقوں میں پروازیں کیں۔
اقوام متحدہ کو دی گئی تحریری درخواست میں عالمی ادارے یو این سے لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور فضائی حدود پامال کرنے کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی لبنان کی فضائی دراندازی اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔