پشاور: آکسیجن نہ ملنے سے کورونا کے 7 مریض ہلاک

پشاور (ڈیلی اردو/وی او اے) صوبہ خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور کے تین بڑے اسپتالوں میں شامل خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث کرونا وائرس سے متاثرہ سات مریض دم توڑ گئے۔

ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا۔

ہسپتال کے ترجمان نے ذرائع ابلاغ کو ہلاکتوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کو آکسیجن کی متواتر سپلائی بحال نہ رہ سکی، جس کے سبب مریض دم توڑ گئے۔

یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں اکسیجن کی کمی کے سبب دیگر وارڈز کے مریض بھی متاثر ہوئے ہیں۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ترجمان فرہاد خان کا کہنا ہے کہ ہسپتال کو قریبی شہر راولپنڈی سے آکسیجن فراہم کی جاتی ہے اور راولپنڈی سے آکسیجن کے سلنڈر بروقت نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔

ترجمان کا کہنا ہے سردی کے سبب مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے۔ ان کے بقول آکسیجن سیلنڈر کی تاخیر سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے سرکاری طور پر جاری کردہ بیان میں اس واقع کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعلی کے مشیر برائے اطلاعات کامران بنگش نے ایک ویڈیو پیغام میں چھ مریضوں کی آکسیجن نہ ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وزیر صحت نے تحقیقات کرنے اور 48 گھنٹوں کے اندر رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی روشنی میں ذمہ دار افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی اس واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کامران بنگش نے کہا ہے کہ صوبائی وزیرصحت کی ہدایت کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے گی۔ انہوں نےقیاس آرائیوں اور افواہوں سے گُریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کی گئی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال ایک خود مختار ہسپتال ہے۔ ٹوئٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر صحت تیمور جھگڑا کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ واقع کی تحقیقات کریں اور 48 گھنٹوں میں ایکشن لیں۔

خیبر پختونخوا کے مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سماجی رابطوں کے ویب سائٹس پر ان ہلاکتوں پر غم و غصّے کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارف محمد ادریس کا ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان تیمور جھگڑا کے خلاف فوری ایکشن لیں۔

صحافی عمر قریشی کا ہلاکتوں سے متعلق ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ وزرا ابھی کہنے لگیں گے کہ “ایسا کچھ ہوا ہی نہیں۔”

ایڈووکیٹ سنگین خان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آکسیجن کی سپلائی پشاور میں ہونے والی ہلاکتوں کی ایک بڑی وجہ ہے اور یہ پہلی بار میڈیا میں رپورٹ ہوئی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں