روس کی پاکستان کو کورونا ویکسین “اسپتنک فائیو” کی فراہمی کی پیشکش

اسلام آباد (ڈیلی اردو) روس نے پاکستان کو عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین اسپتنک فائیو دینے کی پیشکش کی ہے۔ روس کی تیار کردہ ویکسین کی منظوری اگست 2020 میں دی گئی تھی۔

خلیجی اخبار کے حوالے سے بتایا ہے کہ دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے روس کی جانب سے کی جانے والی پیشکش کی تصدیق کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے خلیجی اخبار سے بات چیت میں کہا کہ چند روز قبل روس نے اپنی تیار کردہ کورونا ویکسین فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں حتمی جائزے کے لیے ملنے والی پیشکش وفاقی وزارت صحت کو بھجوا دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منظوری وفاقی وزارت صحت ہی دے گی۔

خلیجی اخبار سے بات چیت میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ کورونا ویکسین کے حصول کے لیے مختلف ذرائع سے رابطے کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ کورونا ویکسین مؤثر ہو اوراس کی قیمت بھی کم ہوتا کہ جلد ازجلد اس کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ماسکو میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ ویکسین شہر کے 70 کلینکس میں لگائی جا رہی ہے۔

روس میں قائم کی جانے والی ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین سب سے پہلے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے اراکین، اساتذہ اور سماجی کارکنوں کو لگائی جائے گی۔

روس میں تیار کی جانے والی کورونا ویکسین اسپتنک فائیو کی اگست 2020 میں منظوری دی گئی تھی۔

روس میں گزشتہ دنوں فوجی جوانوں کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی مہم شروع کی گئی تھی جو تاحال جاری ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں