ریاض (ڈیلی اردو) حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی شہر جازان پر گولا باری کی گئی تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر جازان پر حوثی باغیوں کی جانب سے گولا باری کی گئی تاہم حملے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
سعودی شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن یحییٰ الغامدی کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں نے شہر جازان کے نواحی علاقے میں گولا باری کی جس کے نتیجے ایک گولا سڑک کنارے گر کر پھٹ گیا جب کہ حوثی باغیوں کے حملے پر موثر جوابی کارروائی بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ یمن میں سعودی سربراہی میں قائم اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ 4 سال سے جاری ہے تاہم اب اس میں شدت آتی جارہی ہے اور باغی یمنی سرحد سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرونز حملے بھی کر رہے ہیں جنہیں ہر بار ہی فضا میں ناکارہ بنا کر سعودی فضائیہ نے ملک کو بڑے نقصان سے بچایا ہے۔