پشاور (ڈیلی اردو) سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے نواحی علاقے سے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 4 دہشتگرد گرفتار کرلیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز ور خیبر پختونخوا پولیس نے گزشتہ رات قبائلی ضلع خیبر کے علاقہ سپاہ میں ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں سے کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے کمانڈر ذاکر آفریدی سمیت 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 خودکش جیکٹس برآمد کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ دہشتگردوں سے 6 دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوئے اور ان کی نشان دہی پر بڈھ بیر میں بھی کارروائی کی گئی جہاں سے دہشتگردوں کے 8 سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو مزید تفتیش کیلئے خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشتگردوں نے 25 دسمبر کو پشاور میں بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔