غزنی: ختم قرآن کی محفل میں دھماکا، 15 افغان شہری ہلاک، 20 زخمی

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے مشرقی صوبہ غزنی میں ختمِ قرآن کی محفل میں بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 15 شہری ہلاک اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

افغان وزارت داخلہ کے مطابق بم دھماکا غزنی کے ضلع گیلان میں ہوا جہاں ایک گھر میں نماز جمعہ کے بعد قرآن خوانی کی محفل جاری تھی۔

رپورٹس کے مطابق گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بم کیا گیا تھا۔ بم پھٹنے سے 15 شہری ہلاک جبکہ 20سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

فوری طور پر کسی گروپ نے اس بم حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم افغان طالبان اس صوبے میں متحرک ہیں اور غزنی صوبے کے بہت سے علاقوں پر ان کا کنٹرول ہے۔

خیال رہے کہ 2 دسمبر کو افغان حکومت اور طالبان نے امن مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے عبوری معاہدے کا اعلان کردیا تھا جس میں دونوں فریقین نے تقریبا 19 سال میں پہلے تحریری معاہدے میں فریقین نے امن مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

واضح رہے کہ پچھلے بدھ کو افغانستان کے دارالحکومت میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کابل کے ڈپٹی گورنر محبوب اللہ محبی اپنے سیکرٹری اور گارڈ سمیت ہلاک ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں