پشاور (ڈیلی اردو/آن لائن) صوبہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے کرسمس کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور اور مردان سے 17 دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد صوبے بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ صوبے بھر کے چرچز سمیت تمام مذہبی مقامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری سادہ کپڑوں میں تعینات کردی ہے۔
صوبے کے مختلف پراجیکٹس میں خدمات سرانجام دینے والے چینی انجینئرز کی سیکورٹی بھی سخت کردی گئی ہیں۔
کرسمس کی آمد سے قبل سترہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد ہفتے کے روز سے 26 دسمبر تک پشاور سمیت صوبے بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری حساس ترین مقامات، ریڈ زون، بس اڈوں، ریلوے سٹیشنوں، بازاروں سمیت مختلف مقامات پر تعینات کردیئے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال کے باعث مشتبہ افراد کی نگرانی کی جا رہی ہیں مشتبہ افغان مہاجرین کی نگرانی بھی سخت کردی گئی ہیں۔
پشاور کے داخلی اور خارجی راستوں پربھی دوسرے اضلاع سے آنے والی گاڑیوں کی نگرانی سخت کردی گئی ہیں۔ پشاور، صوابی، مردان سمیت مختلف اضلاع میں چرچز سمیت مختلف مذہبی مقامات پر دہشت گردی کے حوالے سے الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔
قانون نافذ کرے والے اداروں نے کرسمس کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مبینہ 17 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔