سعودی عرب اتحاد نے بحیرہ احمر میں ایرانی ساختہ 5 بحری سرنگیں تباہ کردیں

ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں بحیرہ احمر میں ایرانی ساختہ پانچ’’صدف‘‘بحری سرنگیں تلاش کرکے تباہ کردی ہیں۔

عرب اتحاد نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اس نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں بحیرہ احمر کے جنوبی حصے اور آبنائے باب المندب میں یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے بحری سرنگیں نصب کرنے کی سرگرمی میں اضافہ ملاحظہ کیا ہے۔‘‘

اس کا کہنا ہے کہ ’’ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا بین الاقوامی تجارتی روٹس پر بحری سرنگیں نصب کررہی ہے ، جس سے جہاز رانی کے لیے سنگین خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔‘‘

گذشتہ جمعہ کو حوثی ملیشیا کی بحیرہ احمر کے جنوب میں بچھائی گئی ایک آبی سرنگ ایک تجارتی بحری جہاز سے ٹکرانے کے بعد پھٹ گئی تھی جس سے جہاز کو معمولی نقصان پہنچا تھا۔تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

واضح رہے کہ آبنائے باب المندب یمن، جیبوتی اور ہارن آف افریقا میں واقع اریٹریا کے درمیان واقع ہے اور یہ بحیرہ احمر کے جنوب میں ہے۔ بین الاقوامی تجارت کے لیے یہ ایک اہم آبی گذرگاہ ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں