کرک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا متاثرہ مندر کو دوبارہ تعمیر کرنیکا اعلان، مزید 35 ملزمان گرفتار

کرک (ڈیلی اردو) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ضلع کرک میں متاثرہ مندر کو دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔

محمود خان نے کہا کہ واقعے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، صوبائی حکومت مندر کی دوبارہ تعمیر کو جلد یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مندر کی تعمیر کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کردیے، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ضلع کرک کے علاقے میں ٹیری میں مندر جلانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مندر کو دوبارہ تعمیر کرانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مقدس مقامات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ادھر آئی جی خیبرپختونخوا ثناء اللہ عباسی نے کرک میں متاثرہ مندر کا دورہ کیا اور اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کرک واقعے کے مرکزی ملزم مولوی شفیق سمیت 35 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کرک میں مندر کو آگ لگانے اور مسمار کرنے کا نوٹس
آئی جی کے پی کا کہنا تھا کہ واقعے کی وسیع پیمانے پر تفتیش جاری ہے، واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اوراقلتیوں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا۔

ثناء اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو برابر مذہبی، سیاسی اور سماجی آزادی حاصل ہے، اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں