شام: دمشق میں بس پر حملہ، 15 عام شہری ہلاک

دمشق (ڈیلی اردو) شام میں دمشق ہائی وے پر مسافر بس پر مسلح افراد کے حملے میں پندرہ افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ شام کے وسط میں اتوار کی شب پیش آیا، مسلح افراد نے رقہ سے دمشق جانے والی بس کو نشانہ بنایا جس میں ایک 13 سالہ لڑکی سمیت 15 عام شہری ہلاک ہوگئے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعے میں شدت پسند تنظیم داعش ملوث ہوسکتی ہے۔

ہاما صوبے کے گورنر کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے ہائی وے پر دمشق جانے والے بسوں کو روکا اور پھر ایک بس پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

چند روز قبل شام کے مشرقی صوبے دیرالزور میں ایک مرکزی شاہراہ پر بس پر حملے میں 28 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ شامی شہریوں اور مزاحمت کاروں کا کہنا ہے کہ عراق کی سرحد کے نزدیک واقع شاہراہ پرایک فوجی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں