پاراچنار (ڈیلی اردو) پشاور سے پاراچنار جانے والی مسافر گاڑی پر ہنگو بائی پاس کے علاقے میں دہشت گردوں کے فائرنگ سے ایک شیعہ خاتون ہلاک ہو گئی، خاتون رشتہ داروں کے جنازے میں شرکت کیلئے پاراچنار جا رہی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پشاور سے فیلڈر گاڑی قبائلی ضلع کرم کے شہر پاراچنار جا رہی تھی جس میں ایک ہی خاندان کے لوگ سوار تھے گاڑی ہنگو بائی پاس کے قریب واپڈا گرڈ اسٹیشن سے گزر رہی تھی کہ اس دوران دہشت گردوں نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 48 سالہ زوجہ میر حسین موقع پر ہلاک ہو گئی۔ جبکہ دیگر چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔
ہنگو پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد خاتون کی میت کو پاراچنار روانہ کر دیا گیا جبکہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ضلع کرم کے رکن قومی اسمبلی ساجد حسین طوری اور طوری بنگش قبائل کے رہنما حاجی سردار حسین اور تحریک حسینی کے صدر عابد حسین نے واقعے کی مذمت کی ہے اور ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس قسم واقعات سے علاقے میں قائم امن کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اس وجہ سے متعلقہ حکام فوری اقدامات اٹھائیں۔