سانحہ مچھ: کراچی کے 19 مقامات پر شیعہ تنظیموں کا دھرنا جاری، ٹریفک جام، پروازیں تاخیر کا شکار

کراچی (ڈیلی اردو) مچھ میں شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 11 افراد کے قتل کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری ھرنوں کے باعث ٹریفک جام اور پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔

بلوچستان کے علاقے مچھ میں چار روز قبل پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے خلاف کراچی کے 19 مختلف مقامات پر دھرنے دیے جا رہے ہیں۔

دھرنوں کے باعث شہر کی مختلف مرکزی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہے جس کے باعث ائیرپورٹ جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں احتجاجی دھرنے کے باعث مسافروں اور عملے کو فلائٹس کے لیے ائیرپورٹ پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسافر اور عملے کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث پروازوں کی روانگی متاثر ہو رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ائیر لائن کی لاہور جانے والی پرواز پی ایف 141 ایک گھنٹہ 14 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پشاور جانے والی پرواز پی کے 350 آدھہ گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ کراچی سے سوئی کی پرواز پی کے 157 دو گھنٹے تاخیر سے 12 بجے روانہ ہوئی۔

قومی ائیر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام مسافر وقت کو مدنظر رکھ کر ائیرپورٹ پہنچیں، مسافر معلومات کے لیے فلائٹ انکوائری یا پی آئی اے کال سینٹر سے رابطے میں رہیں۔

دوسری جانب کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کے 19 مقامات پر دھرنا جاری ہے جس میں شارع فیصل پر کالونی گیٹ، ملیر 15 کے قریب دھرنا جاری ہے جس کے باعث ڈرگ روڈ تا ملیر دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہے۔

پولیس کے مطابق ماڈل کالونی سے قائد آباد جانے والی ٹریفک کو کالا بورڈ کی طرف موڑا گیا ہے اور قائد آباد سے آنے والی ٹریفک کو الفلاح برج سے اندرونی سڑک کی طرف موڑا گیا ہے۔

ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی پر بھی دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے کیپری سنیما سے گرومندر جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے اور شہری کوریڈور تھری اور سولجر بازار کاروٹ استعمال کریں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی عباس ٹاؤن کے قریب دھرنا دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے سہراب گوٹھ سے ٹریفک کو راشد منہاس روڈ کی طرف موڑا گیا ہے جب کہ مسکن چورنگی سے سہراب گوٹھ کی ٹریفک کو پیرا ڈائز بیکری کی طرف موڑا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق عباس ٹاون، نمائش چورنگی، کامران چورنگی، ناتھا خان، ملیر 15، قائد آباد، شاہ فیصل ناتھا کٹ، پورٹ قاسم، انڈس ہائی وے، اسٹیل مور، مینن گوٹھ، ملیر کینٹ، کیہور، شاہ فیصل، دائود چورنگی، کھوپرپار، گلشن اقبال، نیپا، پاور ہاؤس، چورنگی کے قریب بھی دھرنا جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں