افغانستان کا مچھ واقعے میں ہلاک مزدوروں کی میتیں حوالے کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (ڈیلی اردو) افغانستان نے مچھ واقعہ میں ہلاک ہونے والے 3 مزدوروں کی میتیں حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغان قونصلر جنرل نے سانحہ مچھ میں ہلاک تین افراد کی میتیں افغانستان بھیجنے کی درخواست کی ہے۔

افغان قونصل جنرل نے پاکستانی وزارت خارجہ کو ایک خط میں کہا ہے کہ مچھ میں ہونے والے افسوسناک واقعہ میں ہلاک ہونے والوں میں سات افغانی شہری بھی شامل ہیں۔

وزارت خارجہ کو بھیجے گئے خط میں درخواست کی گئی ہے کہ ہلاک شدگان میں سات افغانیوں میں سے تین کی میتیں واپس افغانستان بھجوانے کا بندوبست کیا جائے جبکہ دیگر چار کے اہل خانہ پاکستان میں ہی ہیں اس لئے ان کی واپسی کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ حملہ کرنے والے دونوں ملکوں کے دشمن ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے گشتری میں 2 اور 3 جنوری کی درمیانی شب داعش کے دہشت گردوں نے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو اغوا کر کے پہلے پہاڑوں پر لے گئے اور پھر ان کو ذبح کر دیا گیا تھا، واقعے میں 11 مزدور ہلاک اور 6 زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں