کراچی (ڈیلی اردو) سانحہ مچھ کے سانحہ پر مختلف شہروں کی طرح کراچی میں شاہراہ فیصل سمیت بیس مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔
سانحہ مچھ میں ہونے والے واقعے پر کراچی میں شاہراہ فیصل سمیت 20 مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔ جوہر موڑ، صفورا، کامران چورنگی، نیپا، مسکن، ناظم نمبر ایک، عائشہ منزل، نمائش اور دیگر جگہوں پر دھرنے جاری ہیں۔ جگہ جگہ دھرنوں کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پولیس کے مطابق عباس ٹاون، نمائش چورنگی، کامران چورنگی، ناتھا خان، ملیر 15، قائد آباد، شاہ فیصل ناتھا کٹ، پورٹ قاسم، انڈس ہائی وے، اسٹیل مور، مینن گوٹھ، ملیر کینٹ، کیہور، شاہ فیصل، دائود چورنگی، کھوپرپار، گلشن اقبال، نیپا، پاور ہاؤس، چورنگی کے قریب بھی دھرنا جاری ہے۔
کراچی سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوا ہے جس کے بعد اندرون اور بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں ہیں یا تاخیر کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے گشتری میں 2 اور 3 جنوری کی درمیانی شب داعش کے دہشت گردوں نے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو اغوا کر کے پہلے پہاڑوں پر لے گئے اور پھر ان کو ذبح کر دیا گیا تھا، واقعے میں 11 مزدور ہلاک اور 6 زخمی ہوئے تھے۔