18

پلوامہ حملہ: پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کا حکم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست راجھستان بیکانر میں موجود پاکستانیوں کو انتظامیہ نے 48 گھنٹوں کے اندر شہر چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

اس ضمن میں پیر کے روز ضلعی کلیکٹرکمار پال کے اعلامیے میں کہا ہے کہ بیکانر کی سرحدیں پاکستان کے ساتھ ملتی ہیں اس تناظر میں سی پی آر سی کی دفعہ 144 کے تحت یہاں بسنے والے پاکستانیوں کو دو دن کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کشمیر کے ضلع پلوا مہ میں حملے کے بعد سے عوام میں خاصہ غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ اس حکم کے تحت کوئی بھی پاکستانی شہری بیکانر کے کسی ریسٹ ہاؤس، ہوٹلز اور یہاں تک کے اسپتالوں میں بھی نہیں رہ سکتے۔

اسی طرح بیکانر کے کاروباری طبقے کو کسی بھی پاکستانیوں سے تجارت کرنے جبکہ کسی بھی پاکستانی کو نوکری دینے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

راجھستان بیکانر کی انتظامیہ کے مطابق پاکستانیوں پر پابندی کا اطلاق دو ماہ کے لئے کیا گیا ہے تاہم غیر ملکی شہریت رکھنے والے پاکستانیوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

واضح رہے 14 فروری کو پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے انتقامی کاروائیوں کی بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جبکہ بھارت نے بالی ووڈ میں پاکستانی اداکاروں کے کام کرنے پر پابندی کے علاوہ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے بارے میں بھی سوچا جا رہا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں