خکراچی (ڈیلی اردو) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 5 کارندوں پر فرد جرم عائد کردی ہے۔
ملزمان نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کر دیا جس کے بعد گواہان اور تفتیشی افسر کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ملزمان میں احمد حسنین، نادر خان، علی احمد، عبداللطیف، اور اسلم شامل ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان اور تفتشی افسر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے ہلاک دہشت گردوں کو سہولت فراہم کی۔ ملزمان نے چینی قونصل خانے پر حملے میں معاونت فراہم کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان نے حملہ آوروں کو اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد فراہم کیا۔
خیال رہے کہ سال 2018 میں چینی قونصل خانے پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک ہوئے تھے اور ایک سکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا۔
جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔ دہشت گرد قونصل خانے کی چاردیواری میں داخل ہوئے ۔تاہم عمارت میں داخل نہیں ہو سکے تھے۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے 15 مفرور دہشتگردوں کو اشتہاری قرار دے دیا۔
مفرور ملزمان میں حربیار مری، علی داد بلیدی، کمانڈر شریف، راشد حسین اور سمیر سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔