اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی ملاقات ہوئی جس میں سکیورٹی صورتحال، مچھ سانحہ اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی گفتگوکی گئی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم سے آرمی چیف کی اہم ملاقات میں قومی سلامتی اور مچھ سانحہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سانحہ مچھ کی شدید الفاظ میں مذمت اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم کیا گیا۔
ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں اورمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
خیال رہے اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر اشتعال انگیزی اور ملکی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اپوزیشن کی جانب سے راولپنڈی میں احتجاج کے سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ جب آئیں گے تو چائے پانی کے ساتھ خاطر تواضع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات میں فوج کو نہیں گھسیٹنا چاہیے، فوج حکومت کا ذیلی ادارہ ہے۔